صوبہ بھر میں صفائی کا یکساں میکنزم رائج کیا جائے گا، صوبائی وزیر بلدیات پنجاب

منگل 16 اپریل 2024 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں صفائی کا یکساں میکنزم رائج کیا جائے گا، ستھرا پنجاب پروگرام کے لئے مالی وسائل کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ منگل کے روز سول سیکرٹریٹ میں ستھرا پنجاب پروگرام آئوٹ سورس کرنے کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے صفائی کا نیٹ ورک دور دراز کے علاقوں تک پھیلانے کی ہدایت کی ہے لہذا کوئی گائوں ایسا نہیں ہونا چاہیئے جہاں صفائی کا عملہ موجود نہ ہو۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور پنجاب بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے سی ای اوز کو تمام دیہی علاقوں کی پندرہ روز کے اندر میپنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے نئے معیارات متعارف کرانے کے لئے ’’اب گائوں چمکیں گے ‘‘پروگرام کا ڈیٹا اپ ڈیٹ کر کے استعمال کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز ہر تحصیل میں ممکنہ کنٹریکٹرز کی استعدادکار کا جائزہ لیں، جس علاقے میں آئوٹ سورسنگ نہ ہوسکی وہاں متعلقہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کام کرے گی۔

ذیشان رفیق نے کہا کہ آئوٹ سورسنگ کے عمل میں مانیٹرنگ کا موثر نظام قبل از وقت تیار کر لیا جائے۔ آئوٹ سورسنگ سے جہاں صفائی ستھرائی کی صورتحال میں بہتری آئے گی وہاں روزگار کے مواقع بڑھیں گے ۔ اجلاس میں 1800 دیہی اور 1200 شہری افراد کیلئے ایک صفائی والا مختص کرنے کی تجویز دی گئی جس پر وزیر بلدیات نے دیہات میں 1500 افراد کے لئے کم سے کم ایک صفائی والا مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز اپنی استعدادکار بڑھانے پر توجہ دیں۔ صفائی کے اہداف کمیونٹی موبلائزیشن کے بغیر حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ دیہات اور شہروں میں مقامی افراد پر مشتمل کمیٹیاں بنائیں گے جو اپنے علاقے کی میونسپل خدمات کے بارے میں فیصلے کریں گی۔

متعلقہ عنوان :