فیصل آباد میں نیشنل ویمنزکرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز

بدھ 17 اپریل 2024 15:53

فیصل آباد میں  نیشنل ویمنزکرکٹ ٹورنامنٹ  کا آغاز
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) نیشنل ویمنز ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ مختلف شکل اور نئے جذبے کے ساتھ بدھ کے روز سے فیصل آباد میں شروع ہوگیاجس میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔نیشنل ویمنز ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ صنعتی شہر فیصل آباد میں مختلف شکل کے ساتھ منعقد کیا جارہا ہے کیونکہ گزشتہ سیزن تک یہ45اوورز کا ٹورنامنٹ پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ کے نام سے منعقد ہوتا رہا ہے جس میں تین ٹیمیں بلاسٹرز، چیلنجرز اور ڈائنامائٹس حصہ لیتی رہی ہیں لیکن اس بارپاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنی مسلسل کوششوں اور فروغ کے اپنے عزم کے تحت اس ٹورنامنٹ میں چھ ریجنل ٹیموں کو شامل کیا ہے جو ڈبل لیگ کی بنیاد پر 50 اوورز کے میچز کھیلیں گی۔

اس ٹورنامنٹ میں شریک6 ٹیمیں کراچی، لاہور، ملتان، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی کو کم از کم10 میچز کھیلنے کو ملیں گے جبکہ مجموعی انعامی رقم 22 لاکھ 45 ہزار روپے ہے۔

(جاری ہے)

30 لیگ میچوں کے بعد دو سرفہرست ٹیمیں 11 مئی کو فائنل میں مدمقابل ہونگی جس میں جیتنے والی ٹیم سلور ٹرافی اور دس لاکھ روپے کی حقدار ہوگی نیز رنرز اپ ٹیم کو پانچ لاکھ روپے ملیں گے۔

مذکورہ ٹورنامنٹ میں عمیمہ سہیل کراچی ریجن کی کپتانی، لاہور کی قیادت کائنات حفیظ، صائمہ ملک کوئٹہ کی کپتانی،ملتان کی کپتان ہمنہ بلال،گل رخ پشاور اور ماہنور آفتاب راولپنڈی ٹیم کی قیادت کریں گی۔بدھ کے روز میچز میں کوئٹہ بمقابلہ راولپنڈی جواد کرکٹ کلب گراؤنڈ فیصل آباد میں، کراچی بمقابلہ ملتان اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں، پشاور بمقابلہ لاہور بوہڑنوالی کرکٹ گراؤنڈ فیصل آباد میں مدمقابل ہوں گے۔علاوہ ازیں جمعہ کے میچز میں کوئٹہ بمقابلہ پشاور اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں، لاہور بمقابلہ کراچی جواد کلب کرکٹ گراؤنڈ فیصل آباد میں، راولپنڈی بمقابلہ ملتان بوہڑنوالی کرکٹ گراؤنڈ فیصل آباد میں آمنے سامنے ہوں گی۔