کاشتکار کپاس کی منظور شدہ بی ٹی اقسام کا تصدیق شدہ بیج کاشت کریں، ڈاکٹر ازور رضا گیلانی

بدھ 17 اپریل 2024 17:25

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ملتان ڈاکٹر ازور رضا گیلانی نے قصبہ مڑل کے نواحی مواضعات کادورہ کیا ۔اس موقع پر گیتی کاشتہ کپاس کی فصل کا معائنہ اور کاشتکاروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاشتکار کپاس کی کاشت جلد از جلد مکمل کریں اور منظور شدہ بی ٹی اقسام کا تصدیق شدہ بیج کاشت کریں۔

کپاس کی اگیتی کاشتہ فصل پرابتدائی 60دن کسی بھی کیڑے کے حملے کیخلاف زرعی زہروں کے سپرے سے اجتناب کریں جبکہ موسمی کاشت کیلئے  بوائی سے پہلے بیج کو مناسب کیڑے مار زہر لگائیں تاکہ فصل ابتداء میں تقریباً ایک ماہ تک رس چوسنے والے کیڑوں خاص طور پر سفید مکھی سے محفوظ ر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی کاشت سے قبل زمین کی اچھی تیاری بہت ضروری ہے جس کیلئے زمین کی سخت تہہ کو توڑنے کیلئے سب سوائلر ہل چلایا جائے تاکہ زمین میں پانی کو زیادہ دیر ٹھہرانے کی صلاحیت بڑھ سکے اور پودے کی جڑیں خوراک کے حصول کیلئے زیر زمین گہرائی تک جاسکیں۔

(جاری ہے)

کپاس کی کاشت ترجیحاً پٹڑیوں پر کریں جس کے لیے مشینی طریقہ اختیار کریں یا پٹڑیاں بنانے کے بعد ہاتھ سے چوپے لگائیں۔ اگرکاشت ڈرل سے کرنی ہو تو قطاروں کا درمیانی فاصلہ اڑھائی فٹ رکھیں اور جب فصل کا قد ڈیڑھ سے دو فٹ ہو جائے تو پودوں کی ایک لائن چھوڑ کر دوسری لائن پر مٹی چڑھا کر پٹڑیاں بنا دیں۔پٹڑیوں پر کاشتہ فصل میں جڑی بوٹیوں کا انسداد آسان، کھادوں کا استعمال بہتر، پانی کی بچت اور بارشوں کے نقصان سے بچت ہوتی ہے۔ یکم تا 30 اپریل تک کاشتہ فصل کے لیے  17500 جبکہ یکم مئی تا 31 مئی تک کاشتہ فصل کے لیے 23000  پودے فی ایکڑ رکھیں۔

متعلقہ عنوان :