ترک کمپنیاں پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، صدر مملکت آصف علی زرداری کی ترکیہ کےسفیر سے گفتگو

بدھ 17 اپریل 2024 19:53

ترک کمپنیاں پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترکیہ کے ساتھ تجارت، معیشت، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترک کمپنیاں پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ذریعے سرمایہ کاری کریں۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے ترک سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان تاریخی اور دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں قوموں نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان انفراسٹرکچر کی ترقی کے شعبے سمیت ترکیہ کے ترقیاتی تجربے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کے لئے انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان ریلوے رابطہ قائم کرنے کے لئے مشترکہ فزیبلٹی سٹڈی کی تجویز دی۔

صدر نے عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کے لئے تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کا پاکستان میں 7ویں اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس میں خیرمقدم کرے گا۔انہوں نے صدر پاکستان منتخب ہونے اور رمضان المبارک کے آغاز پر مبارکباد کے پیغامات پر صدر طیب اردگان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ترکیہ کے صدر کی مستقبل میں کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔