ڈپٹی کمشنر روٹی اور نان کی قیمت اور وزن چیک کرنے تندوروں وہوٹلز پرپہنچ گئے

بدھ 17 اپریل 2024 20:21

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئرشیخ روٹی اور نان کی قیمت اور وزن چیک کرنے تندوروں وہوٹلز پرپہنچ گئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نعمان افضل اعوان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی ایرج حیدر گوندل،ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس،تحصیلدار رانا عرفان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ستیانہ روڈ،سمندری روڈ ودیگر شاہرات پر قائم تندوروں پر جاکر روٹی کی مقرر کردہ قیمت 15 روپے کے مطابق فروخت اور اپنی نگرانی میں وزن چیک کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریٹ لسٹ کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ روٹی اور نان کی مقرر کردہ قیمت پر عملدرآمد کرانے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرگرم عمل ہیں اور دو روز میں انسپکشن کے دوران مہنگے داموں روٹی فروخت کرنے پر گرانفروشوں کو پونے تین لاکھ روپے جرمانہ اور 10 دکانداروں کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے گئے۔انہوں نے موقع پر موجود خریداروں سے کہا کہ وہ روٹی اور نان کی مقررہ قیمت سے زائد وصولی کی اطلاع قیمت ایپ پنجاب یا فون نمبر 080002345 پر کریں۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سختی سے ہدایت کی کہ 15 روپے کی 100 گرام روٹی اور 20 روپے کا 120 گرام نان کی مقررہ قیمت پر عملدرآمد میں کوئی عذر قابل قبول نہیں۔

متعلقہ عنوان :