صوبائی حکومت فری، سکلڈ، کوالٹی اورفنی تعلیم کو عام کرنے پر یقین رکھتی ہے،وزیر زراعت سجاد بارکوال

بدھ 17 اپریل 2024 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کا مینڈیٹ ہے کہ پسماندہ علاقوں میں سٹینڈرڈ، کوالٹی، ووکیشنل اور فنی تعلیم کو عام کرنا ہے تاکہ پسماندہ اضلاع کے لوگوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر ہوں تاکہ وہاں کی محرومیوں کو دور کیا جا سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف پیٹرولیم ٹیکنالوجی کرک پراجیکٹ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبائی وزیر کو مذکورہ منصوبہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی بریفنگ میں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ انسٹیٹیوٹ آف پیٹرولیم ٹیکنالوجی کرک میں پی ایس ڈی پی پراجیکٹ ہے جو18-2017 میں شروع ہواتھا کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے 250 کنال اراضی دی تھی ادارے کی بائونڈری وال مکمل ہے جبکہ پراجیکٹ کی عمارت پر تعمیراتی کام نظرثانی پی سی ون کی منظوری کے بعد تیز کیا جائے گا کیونکہ اب تک پراجیکٹ کے لیے جو رقم ریلیز ہوئی ہے وہ بہت کم ہے صوبائی وزیر کو مزید بتایا گیا کہ مذکورہ ادارے نے تین سالہ ڈریلنگ ٹیکنالوجی ڈپلومہ شروع کی ہے جس میں جنوبی اضلاع اور دوسرے صوبوں سے 80 طلباء نے داخلہ لیا ہے طلباء میں اکثریت ضلع کرک سے ہے تاہم جب ادارے کی اپنی عمارت تعمیر ہو جائے تو پٹرولیم، الیکٹریکل، انسٹرومنٹیشن اور ٹیکنیکل ڈپلومہ کے کورسز بھی شروع کریں گے صوبائی وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے کہا کہ صوبائی حکومت فری، سکلڈ، کوالٹی اورفنی تعلیم کو عام کرنے پر یقین رکھتی ہے اس لیے صوبائی حکومت صوبے میں اس طرح کے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کے لیے کوشاں ہے تاکہ اس سے عوام زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں انہوں نے کہا کو جو رقم مذکورہ پراجیکٹ کیلئے منظور ہوئی ہے اسکا صرف 5یا 6 فیصد حصہ ریلیز ہوا ہے جوکہ نہ ہونے کے برابر ہے اسلئے پراجیکٹ کی کل رقم کو نظرثانی پی سی ون میں منظوری دیکر جلدازجلد تکمیل کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلے کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے خصوصی ملاقات کرینگے۔