گ*پاک روس دوستانہ تعلقات ہر گزرتے دن کیساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں: بلیغ الرحمان

-پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریف کی گورنر پنجاب سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات

بدھ 17 اپریل 2024 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریف نے آج گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے روس میں حالیہ دہشت گردی کے حملے میں 140 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

گورنر محمد بلیغ الرحمان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیمی شراکت داری دونوں ممالک کے لیے ترجیحی شعبہ ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت اور زرعی تحقیق کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ گورنر پنجاب نے پنجاب یونیورسٹی میں ’’رشین لینگویج سنٹر‘‘ کے قیام کے اقدام کو بھی سراہا۔ روس کے سفیر مسٹر البرٹ خوریف نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان بہترین اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دنیا میں امن اور ہم آہنگی کا ماحول پیدا کرنے کے لیے ہر ملک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔