سستی روٹی سستے نان کی فراہمی کی بدولت غریب کی زندگی آسان ہوگئی ہے،فقیرحسین ڈوگر

جمعرات 18 اپریل 2024 12:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماوسابق ایم پی اے فقیر حسین ڈوگر نے کہا ہے کہ سستی روٹی سستے نان کی فراہمی کی بدولت غریب کی زندگی آسان ہوگئی ہے۔یہ بات مسلم لیگی رہنماوسابق ایم پی اے نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی ایرج حیدرگوندل کے ہمراہ سمندری روڈ پر مختلف ہوٹلز وتندور پر جاکر روٹی ونان کی مقررہ قیمت کے مطابق فروخت اور وزن چیک کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما نے موقع پر موجود خریداروں سے روٹی کی قیمت میں کمی اور پورا وزن ملنے کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت کے عملی اقدامات کی بدولت اب پورے 100گرام وزن کی روٹی 15 روپے اور 120 گرام نان صرف 20 روپے میں دستیاب ہے جس سے غریبوں کا بھلاہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر حکومت پنجاب مقررہ نرخوں پر روٹی اور نان کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے سرگرم ہے اورضلعی انتظامیہ کی مشینری تندور اور ہوٹلز پر چیکنگ کیلئے متحرک نظر آرہی ہے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے بتایا کہ تحصیل میں 700 سے زائد تندوروں وہوٹلز کی انسپکشن جاری اور گرانفروشی پر جرمانے کئے جارہے ہیں۔