Live Updates

”ستھرا پنجاب“ پروگرام پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،حاجی نعیم صفدر انصاری

جمعرات 18 اپریل 2024 13:41

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) چیئر مین وزیر اعلیٰ مانیٹرنگ کمیٹی / رکن صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری اور ڈپٹی کمشنر محمدارشد بھٹی کی زیر صدارت ”ستھرا پنجاب“پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کیمپ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر زوزیر اعلیٰ مانیٹرنگ کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالوحید، تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ، چیف آفیسر ز میونسپل کارپوریشن، چیف آفیسر میونسپل کمیٹیز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے تحت ضلع میں ”ستھرا پنجاب“پروگرام کے تحت جاری کاموں اور ماڈل ویلجز میں ابتک کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ”ستھرا پنجاب“ پروگرام پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘پروگرام کا مقصد شہروں کے ساتھ دیہاتوں کو بھی کوڑا کرکٹ سے پاک کر کے صحت مند اور خوشحال ماحول فراہم کرنا ہے‘ پروگرام کے تحت ضلع بھر میں شہروں اور دیہاتوں کی صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب و درستگی، مین ہولز کی صفائی، تجاوزات کا خاتمہ، سڑکوں کی ضروری مرمت‘ وال چاکنگ کا خاتمہ، ٹریفک مسائل کا حل سمیت دیگر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے اس عوام دوست منصوبے کی کامیابی کی تکمیل کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ستھرا پنجاب پروگرام کو مزید تیز کریں۔ صفائی مہم پر خصوصی توجہ اور شہریوں کی طرف سے موصول شکایات کو فوری حل کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سستی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔\378
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات