فیصل آباد،ثقافتی ورثے کے عالمی دن کے موقع پر جی ٹی ٹی آئی میں تقریب کا انعقاد، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر ٹیوٹا انجینئر فیض محمد بزدارمہمان خصوصی تھے

جمعرات 18 اپریل 2024 14:14

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) ثقافتی ورثے کے عالمی دن کے موقع پرگورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر ٹیوٹا انجینئر فیض محمد بزدارمہمان خصوصی تھے جبکہ پرنسپل ادارہ ہذاانجینئرسعید احمد نے میزبانی کے فرائض سر انجام دیے۔ تقریب میں میڈیا کے نمائندگان کے روبرو فیصل آباد کے تین تعلیمی اداروں ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ،گورنمنٹ ایم سی ہائر سیکنڈری سکول کوتوالی روڈ اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے طلبہ کو ادارے کی تاریخی حیثیت دثقافت سے روشناس کرایا گیا۔

انجینئر فیض محمدبزدار نے کہاکہ معاشرہ اپنی جداگانہ روایات، تہذیب و تمدن اور ثقافت رکھتا ہے اور کسی بھی خطے، قوم، معاشرے یا ملک کی تہذیب و ثقافت نہ صرف اس کی تاریخ کی ترجمان ہوتی ہے بلکہ یہ اس کی تاریخ، طرز تعمیر اور معاشرے کی بود و باش کی بھی عکاس ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

کوئی بھی معاشرہ اپنی تہذیب و ثقافت کے تحفظ کے بغیر اپنی تاریخ سے منسلک نہیں رہ سکتا، یہی وجہ ہے کہ 18 اپریل کو دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت (یونیسکو) کے زیر اہتمام ثقافتی ورثہ کے تحفظ اور آگاہی کا دن منایا جاتا ہے، عالمی سطح پر اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کی مختلف قدیم تہذیبوں، ان کی ثقافت، ورثہ اور آثار قدیمہ کو محفوظ کرنا اور ان کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ دیگر ٹیکنیکل اداروں کے ساتھ ساتھ افرادی قوت جیسی اہم قومی ضرورت کے فروغ میں شب و روز کوشاں ہے اور ہر سال وطن عزیز کو سینکڑوں کی تعداد میں ماہر کاریگر اور افرادی قوت مہیا کرتا ہے۔آج بھی اس ادارے سے فارغ التحصیل افراد سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے علاوہ ملوں، فیکٹریوں اور مختلف ورکشاپوں کے ساتھ ساتھ ذاتی کاروبار میں بڑی لگن سے کام کرتے ہوئے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر رہے ہیں۔