جنوبی پنجاب میں عوامی رائے جانچنے کے لئے پلڈاٹ نے "ہم آہنگ "پراجیکٹ لانچ کر دیا

جمعرات 18 اپریل 2024 15:47

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) عوام الناس اور انتظامیہ کے مابین انتظامی و سماجی ہم آہنگی بڑھانے اور جنوبی پنجاب میں گورننس سے متعلق عوامی رائے جانچنے کے لئے پلڈاٹ کے تعاون سے "ہم آہنگ " پراجیکٹ لانچ کر دیا گیا ۔ پراجیکٹ کے تحت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے خطے میں ترقی سے متعلق کردار بارے عوام کو آگاہی فراہم کی جائے گی جبکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے متعلق عوام کا فیڈ بیک بھی حاصل کیا جائے گا۔

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مزید موثر بنانے کے لئے عوامی رائے پر مبنی سفارشات تیار کر کے پلداٹ پالیسی کی تیاری کے لئے سفارشات مختلف فورمز کو ارسال کرے گا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال کی قیادت میں وفد نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

"ہم آہنگ" پراجیکٹ کے سینئر منیجر فہیم احمدخان اور دیگر ممبران پر موجود تھے۔

اس موقع پر احمد بلال نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے عوام الناس اور انتظامیہ کے مابین انتظامی و سماجی ہم آہنگی بڑھانے اور خطے کی عوام کی گورنس میں شرکت یقینی بنانے کےلئے"ہم آہنگ"پراجیکٹ لانچ کیا گیا ہے،عوامی رائے جانچنے کے لئے جنوبی پنجاب میں پراجیکٹ کے تحت عوامی سیشن منعقد کروائے جائیں گے،پراجیکٹ کے تحت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے خطے میں ترقی سے متعلق کردار بارے عوام کو آگاہی فراہم کی جائے گی جبکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے متعلق عوام کا فیڈ بیک بھی حاصل کیا جائے گا،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مزید موثر بنانے اور اختیارات تفویض کرنے کے لئے عوامی رائے پر مبنی سفارشات تیار کی جائیں گی،پالیسی کی تیاری کے لئے پلڈاٹ سفارشات پارلیمنٹیرینز اور صوبائی و وفاقی حکومت سمیت مختلف فورمز کو ارسال کرے گا۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کررہا ہے،جنوبی پنجاب کو صوبہ کے ترقیاتی بجٹ کا 34 فیصد حصہ فراہم کیا جارہا ہے،ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی مانیٹرنگ اور بجٹ کی رنگ فینسنگ سے ترقی کے عمل میں تیزی آئی ہے،امید ہے کہ وقت کے ساتھ مزید محکمے جنوبی پنجاب منتقل کئے جائیں گے،جنوبی پنجاب کے لئے مختص جاب کوٹہ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائیں گے،جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اس کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔ فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی،خطے کی عوام کو تعلیم وصحت سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مزید فعال اور عوام دوست بنایا جائے۔ملاقات کے اختتام پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی جانب سے احمدبلال کو شیلڈ اور ملتانی شال بھی پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :