اسلام آباد کا کوئی پرسانِ حال نہیں‘ چیف جسٹس عامر فاروق

نیا آئی جی تاحال تعینات نہ ہونے پر دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی

جمعرات 18 اپریل 2024 20:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) وفاقی دارالحکومت میں نیا آئی جی تاحال تعینات نہ ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت روڈ ایکسڈنٹ میں جاں بحق شہری سے متعلق کیس میں آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی کا تذکرہ ہوا، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی سے متعلق حکومت سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ’نیا آئی جی تاحال کیوں نہیں تعینات ہوا ویسے تو اسلام آباد کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے کوئی آئی جی تو لگا دیں، جو پہلے آئی جی تھے نئے افسر کے آنے تک اسے ہی رہنے دیتے یا پولیس کو ختم ہی کر دیں پھر سکون ہو جائے گا یا پھر جیسے بلوچستان میں ہو رہا ہے ویسے یہاں بھی ہو جائے گا،اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ نئے آئی جی کی تعیناتی کا ایک نوٹیفکیشن ہوا تھا‘، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ’نوٹی فکیشن ہوا تھا لیکن آپ کو پتا ہے مجھے بھی پتا ہے کیوں آئی جی نہیں آ رہا، کل سیکرٹری آئے تھے ان سے کہیں آئی جی لگائیں،عدالت نے دو ہفتوں میں آئی جی تعیناتی سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔