فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد

جمعرات 18 اپریل 2024 21:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہواجس میں متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ16 یونین کونسلز میں صفائی مکمل ہو چکی ہے،مکینکل سویپنگ اورواشنگ کا عمل مکمل کرایا جبکہ59442 ویسٹ کوٹھکانے لگایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کمپنی سے رابطہ کرکے 2،2 کنٹینرز فنڈنگ کرائے جائیں اور کوڑے کے ڈھیروں کے لئے کنٹینرز رکھوائے جائیں۔اجلاس میں مون سون سیزن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا )کے 38 ڈسپوزل سٹیشنز پر مشینری اور13 ڈی واٹرنگ سیٹ فنکشنل ہیں جبکہ جنریٹرز بھی دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن اور واسا کا سٹاف فیلڈ میں موجود ہونا چاہیئے، بارش میں بھی واسا کے افراد فیلڈ میں نظر آنے چاہیئں جبکہ ممکنہ بارشوں کے حوالے سے پلان مرتب کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحصیلوں میں بھی انتظامات چیک کیے جائیں اور پبلک پوائنٹس پر زیادہ افرادی قوت لگائی جائے۔ایم ڈی واسا مون سون کے حوالے سے پریزینٹیشن بنا کر آگاہ کریں اور ڈویلپمنٹ کے حوالے سے بھی آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرزڈی سلٹنگ چیک کریں۔ڈپٹی کمشنر نے تجاوزات کے خلاف اپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شیڈول بنا کرتجاوزات کا صفایا کریں، تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائیں اورروڈز پر بھی فوکس کریں، تحصیلوں میں بھی ایکشن یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں گندم خریداری مہم کے تحت باردانہ ایپ پر کسانوں کی درخواستوں کا جائزہ لیا۔اب تک 4 ہزار 778 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔سنٹرز پر سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ورلڈ ارتھ ڈے کے حوالے سے آگاہی سیمینارز کے انعقادپر زور دیتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک شاپر بیگز پر پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں محکمہ ماحولیات کو ٹاسک تفویض کیا گیا۔

اجلاس میں ضلعی سربراہان نے محکمانہ پراگریس پر جامع بریفنگ دی۔دریں اثنا ضلع بھر میں روٹی اور نان کی مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد کےلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بلاناغہ متحرک ہیں۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی طرف سے 100 گرام وزنی روٹی کی قیمت 15 روپے اور 120 گرام نان کی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے۔ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے تندوروں اور ہوٹلوں پر روٹی و نان کی قیمتوں کو چیک کرتے ہوئے گزشتہ روزگراں فروشوں کوبھاری جرمانہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق روٹی اور نان کی مقررہ قیمت پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا کسی بھی صورت میں خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، دکاندار روٹی اور نان کی مقررہ قیمت کے ساتھ ساتھ پورا وزن بھی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنااولین ترجیح ہے، تندوراور ہوٹل مالکان نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔

انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو انسپکشنز کا عمل مزیدتیز کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس نے مختلف علاقوں میں تندوروں وہوٹلز پر روٹی ونان کی مقررہ قیمت پر فروخت اور وزن کو چیک کیا اورگرانفروشی پر ایکشن لیا۔تحصیل سٹی میں گزشتہ روزروٹی ونان مہنگے داموں فروخت کرنے پر گرانفروشوں کو 4لاکھ 12 ہزارروپے جرمانہ،4 ایف آئی آردرج اور 5 دکاندار گرفتارکرائے گئے،چک جھمرہ میں 88ہزار روپے جرمانہ ایک ایف آئی آر، صدرمیں 66ہزار 500 روپے جرمانہ، جڑانوالہ میں ایک لاکھ 6 ہزار جرمانہ 4 دکاندار گرفتار،سمندری میں ایک لاکھ 15ہزار 500روپے،تاندلیانوالہ میں ایک لاکھ 34 ہزار 500 روپے جرمانہ، ایک ایف آئی آراور 3دکانیں سیل کرائی گئیں۔

علاوہ ازیں ریاض حسین انجم سمیت دیگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی پرائس چیکنگ کے لئے سرگرم عمل رہے۔