Live Updates

روٹی کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تندوروں کی نگرانی کی جارہی ہے، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

جمعرات 18 اپریل 2024 20:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر نان اور روٹی کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تندوروں کی نگرانی کی جارہی ہے، اسپیشل پرائس مجسٹریٹس نے مجموعی طور پر 174 تندوروں کی اچانک انسپکشن کیں اور 69 تندور مالکان کو قیمت سے زائد روٹی فروخت کرنے اور وزن پورا نہ ہونے پر 2 لاکھ 35 ہزار روپے جرمانے عائد کئے، جبکہ ایک تندور مالک کے خلاف پرائس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروادیا گیا جبکہ ایک تندور کو سر بمہر کیا گیا ،ایک تندور مالک کو گراں فروشی کی پاداش میں حوالات میں بند کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا کہ روٹی کی قیمت پر زیرو ٹالرننس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے تندور مالکان کو خبردار کیا کہ وہ روٹی اور نان کا مقررہ نرخ نامہ تندور پر واضح جگہ پر آویزاں کریں اور گراں فروشی سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن تندوروں کو جرمانے کئے گئے یا وارننگ جاری کی گئیں ہیں دوبارہ شکایت پر تندور سیل کئے جائیں گے اور مقدمات بھی درج کروایا جائیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات