ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی جنوبی پنجاب بھر میں انسداد ڈینگی مہم تیز کرنے کی ہدایت

جمعہ 19 اپریل 2024 17:03

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے جنوبی پنجاب میں انسداد ڈینگی مہم مزید تیز کر نے کی ہدایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کی قیادت میں انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں آگاہی ریلی نکالی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن( ر)رضوان قدیر، ڈپٹی سیکرٹری عبد الصبور ٹھاکر،سیکشن افسر احمد رضا اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی کا خطرہ منڈلا رہا ہے،ہر طبقہ فکر اور سول سوسائٹی کو ڈینگی لاروے کی تلفی مہم میں شریک ہونا چاہیئے۔انہوں نے انسداد ڈینگی مہم میں مزید تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی کے خلاف اقدامات کی رپورٹ پیش کریں۔اس دوران ڈپٹی کمشنر ملتان رضوان قدیر نے بتایا کہ شہر اولیا میں ڈینگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی گئی ہے،ایک ماہ میں ملتان شہر 300 سے زائد نوٹسز جاری کرکے درجنوں عمارات کو سربمہر کیا گیا ہے، ہسپتالوں میں ڈینگی کے حوالے سے خصوصی وارڈ بھی قائم کئے گئے ہیں۔