ایوب اسٹیڈیم میں قائم فٹنس جم کا افتتاح 25 اپریل کو ہو گا، جاوید انورشاہوانی

جمعہ 19 اپریل 2024 19:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) صوبائی سیکرٹری برائے کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر جاوید انور شاہوانی کی زیر صدارت محکمہ کھیل کا اعلی سطحی اجلاس جمعہ کو سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کھیل آصف لانگو دیگر افسران نے شرکت کی جس میں محکمے کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں کئی امور پر تبادلہ خیال ہوا جس میں ترقیاتی اسکیموں ، ایوب اسٹیڈیم کی سکیورٹی نظام کو بہتر بنانے، ملازمین کو درپیش مسائل ان کی محکمانہ ترقی، لواحقین کی بھرتیاں، گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے فروغ سمیت کئی امور زیر غور آئے۔

اجلاس میں سیکرٹری برائے کھیل و امور نوجوانان بلوچستان ڈاکٹر جاوید انور شاہوانی نے کہا کہ ایوب اسپو ر ٹس کمپلیکس میں موجود فٹنس جم کا افتتاح 25 اپریل بروز جمعرات کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جس میں مرد و خواتین کے لیے مختلف اوقات میں تربیت یافتہ مرد و خاتون تربیت دینے کے لیے موجود ہوں گے۔ جس میں آنے والوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ ڈیپارٹمنٹ کہ مرد و خواتین کوچز کے تعاون سے اس اسکول کے بچے بچیوں کو چھٹی کے دن مختلف کھیلوں کی آگاہی اور کھیلوں کی تربیت دی جائے گی۔جو کہ ہفتہ واری ہوگی۔ لواحقین کوٹے کے حوالے سے سیکرٹری برائے کھیل و امور نوجوانان نے ہدایات کی کہ ان کی کاغذی کارروائی جلد پوری کی جائے تاکہ بھرتیوں کا عمل شروع کیا جا سکے۔ ملازمین کی محکمانہ ترقی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہر ملازم کو اس کا حق ملنا چاہیے اور اس پر جلد کام مکمل کیا جائے۔

ایوب سپورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی کے حوالے سے ڈاکٹر جاوید انور شاہوانی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی نظام کو بہتر بنایا جائے مین گیٹ پر وردیوں میں ملبوس سکیورٹی گارڈ اور چوکیدار تعینات کیے جائیں جو کہ اندر آنے جانے والوں کی جانچ پڑتال کر یں۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ محکمے کی ترقی اور اس کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ بلوچستان میں کھیل اور کھلاڑی کو ترقی ملے اور اس کے نتائج مزید بہتر طریقے سے سامنے آ سکیں۔