ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.79فیصد کمی

سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 28.56 فیصد ریکارڈ کی گئی‘ ادارہ شماریات

جمعہ 19 اپریل 2024 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 0.79فیصد کم ہوگئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 28.56 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 22 اشیا ء کی قیمتوں میں اضافہ ،11 کے نرخ میں کمی جبکہ 18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران آلو، ٹماٹر، چکن لہسن سمیت دیگر اشیا ء مہنگی ہوئیں، آلو کی فی کلو قیمت 11 روپے 34 پیسے بڑھی، ٹماٹر 13 روپے 15 پیسے فی کلو مزید مہنگے ہوئے۔

سات دنوں میں چکن کی فی کلو قیمت میں 53 روپے 67 پیسے کا اضافہ ہوا، لہسن فی کلو 17 روپے 6 پیسے مہنگا ہوا، جبکہ دال ماش، چینی، مٹن، خشک دودھ بھی مہنگے ہوئے ۔دوسری جانب ہفتے کے دوران آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 229 روپے 44 پیسے ، کیلا فی درجن 15 روپے 52 پیسے سستا ہوا،علاوہ ازیں انڈے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر ، پیاز، مرچ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے کے دوران چاول، تازہ دودھ دہی سمیت دیگر اشیا کے دام مستحکم رہے۔