صوبائی وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا کا حالیہ بارشوں و ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ

جمعہ 19 اپریل 2024 21:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان نے ڈیرہ اسماعیل خان کے دورہ کے موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ دریاؤں اور نہروں میں ممکنہ طغیانی اور نقصانات سے بچاؤ کیلئے بروقت و موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ صوبائی وزیر نے انڈس ریور ڈی آئی خان میں طغیانی اور ممکنہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ چشمہ رائٹ بینک کنال کا بھی دورہ کیا، اور صورتحال سے آگاہی حاصل کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے چشمہ رائٹ بینک کنال منصوبہ سے متعلق واپڈا کے ساتھ تمام درکار امور بروقت استوار کرنے کیلئے بھی احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ آبپاشی طاہر اورکزئی، سپرنٹنڈنگ انجینئراور پراجیکٹ ڈائریکٹر سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔ عاقب اللّٰہ خان نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللّٰہ خان کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اٹھائے جانے والی حفاظتی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے نہروں میں طغیانی کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کرنے اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ بھرپور ہم آہنگی یقینی بنانے کے لیے بھی ھدایات جاری کیں۔