وفاقی ٹیکس محتسب کی طرف سے ٹیکس گزاروں کے مسائل فوری حل کرنے پر ایف بی آر کے افسران کی تعریف

جمعہ 19 اپریل 2024 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے ایف بی آر کے ممبر ان لینڈ ریونیو (آپریشنز) میر بادشاہ خان وزیر اور ان کے افسران سے اپنے دفتر میں ملاقات کی اور ٹیکس گزاروں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ایف بی آر کی جانب سے یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب نے ٹیکس گزاروں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے اور ایف ٹی او کی طرف سے کئے گئے فیصلوں کے جلد عمل درآمد پر ایف بی آر کی کارکردگی کو سراہا۔

(جاری ہے)

ممبر آئی آر آپریشنز میر بادشاہ خان وزیر نے وفاقی ٹیکس محتسب کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ٹیکس گزاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کی رہنمائی سے ایف بی آرکےمحصولات میں مزید بہتری آئے گی۔ اس موقع پر وفاقی ٹیکس محتسب نے ممبر آئی آر آپریشنز اور دیگر افسران چیف ریفنڈز محمد امتیاز، چیف فارمیشنز مرزا ناصر علی، سیکرٹری ریونیو بجٹ بلال ضمیر اور سیکرٹری آئی ٹی احسان اللہ محسود کو تعریفی اسناد اور شیلڈ بھی دیں۔