امریکہ رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کی حمایت نہیں کر سکتا، بلنکن

امریکی انتظامیہ فلسطینی ریاست تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہے لیکن یہ کام سفارت کاری کے ذریعے ہونا چاہیے،گفتگو

ہفتہ 20 اپریل 2024 11:41

امریکہ رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کی حمایت نہیں کر سکتا، بلنکن
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بتایا ہے کہ امریکہ غزہ کے علاقے رفح میں کسی بھی اسرائیلی فوجی آپریشن کی حمایت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے خطے میں جاری موجودہ کشیدگی کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے عرب ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ امریکی انتظامیہ فلسطینی ریاست تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہے لیکن یہ کام سفارت کاری کے ذریعے ہونا چاہیے۔

بلنکن نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفح میں ممکنہ اسرائیلی آپریشن کے لیے منظوری دینے سے انکار کا اظہار کرتے ہوئے ریاست فلسطین کی رکنیت کی درخواست کے خلاف واشنگٹن کی جانب سے ویٹو کے استعمال پر بھی تبصرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فی الحال صورت حال کو پرامن کرنیکی کوشش کرنی چاہیئے۔

(جاری ہے)

بلنکن نے اطالوی جزیرے کیپری میں جی سیون کے اجلاس کے موقع پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم رفح میں جامع فوجی کارروائی کی حمایت نہیں کر سکتے اور اس حوالے سے اسرائیل کے ساتھ اعلی سطح پر بات چیت جاری ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے اشارہ دیا کہ G7 غزہ میں فلسطینیوں کے لیے مزید امداد کا مطالبہ کرتا ہے۔امریکی انتظامیہ نے حالیہ مہینوں میں ایک سے زیادہ مواقع پر اس بات کا اظہار کیا ہے کہ وہ بے گھر ہونے والوں کے لیے متبادل یا جگہ فراہم کیے بغیر رفح میں فوجی آپریشن شروع کرنے کی حمایت نہیں کرے گا۔غزہ کی پٹی کے خلاف اپنی تباہ کن جنگ کے دوران اسرائیل نے فلسطینیوں کو شمال سے رفح کی طرف بھاگنے پر مجبور کیا اور آج وہ انسانی تباہی کے وارننگز کے درمیان حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔