آئی جی پنجاب ،دیگر افسران کی پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں شہید کانسٹیبل عمران حیدر کی نماز جنازہ میں شرکت

تھانہ باغبانپورہ لاہور میں تعینات کانسٹیبل عمران حیدر نے ڈاکوئوں سے مقابلے میں جام شہادت نوش کیا‘ترجمان پنجاب پولیس

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں شہید کانسٹیبل عمران حیدر کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ تھانہ باغبانپورہ لاہور میں تعینات کانسٹیبل عمران حیدر نے ہفتہ کے روز علی الصبح ڈاکوئوں سے مقابلے میں جام شہادت نوش کیا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر، ایس ایس پی آپریشنز علی رضا، لاہور پولیس کے ایس ایس پیز ، اے آئی جی آپریشنز پنجاب، ایس پیز، سینئر افسران، جوانوں نے نماز جناہ میں شرکت کی ۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل عمران حیدر کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔

(جاری ہے)

کانسٹیبل عمران حیدر کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی،پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل عمران حیدر کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کانسٹیبل عمران حیدر نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرکے محکمہ کا سر فخر سے بلند کیا،کانسٹیبل عمران حیدر کی عمر 38برس، تعلق باٹا پور لاہور سے تھا۔

اہل خانہ میں اہلیہ، 01بیٹا اور 07بیٹیاں شامل ہیں۔آئی جی پنجاب کے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے کفالت میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کانسٹیبل عمران حیدر کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھے گی۔