گورنرکاٹیج کے جرگہ ہال میں تحصیل کونسل اپرکرم کا اجلاس

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:28

پاراچنار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) گورنرکاٹیج کے جرگہ ہال میں تحصیل کونسل اپرکرم کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کونسل کے ممبران کے علاوہ تحصیل کو منتقل شدہ(ڈیوالڈ) محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ منتخب ایم این اے اور ایم پی اے کے نمائندہ خاص بھی خصوصی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں کونسل ممبران اور ان کے وی سیز کو درپیش مسائل پر طویل گفت و شنید ہوئی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر حفیظ اللہ ، جو کونسل کے کوارڈینیٹنر آفیسر بھی ہیں، نے کونسل سے اپنے خطاب میں بلدیاتی ایکٹ کی چیدہ خصوصیات، تحصیل ممبران اور خصوصاً خواتین کے کردار، بجٹ سازی، اسٹیک ہولڈرز کے درمیان رابطہ و مشاورت اور ڈیوالڈ محکمہ جات کے کردار سمیت دیگر امور پر روشنی ڈالی۔ اے سی نے افسران پر زور دیا کہ وہ کونسل اراکین کی طرف سے نشان دہی پر ان کے مسائل کی سیکٹروائز کمپائلیشن میں ان کی راہنمائی اور مدد کریں تاکہ امبریلاسکیمز کی شکل میں ان کو آئندہ مالی سال کے لئے کسی ڈسٹرکٹ، صوبائی یا وفاقی بجٹ تجاویز کا حصہ بنایا جاسکے۔