حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب میں این ایچ اے اپنے روڈ نیٹ ورک کو ٹریفک کے لئےفعال رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے، ترجمان

ہفتہ 20 اپریل 2024 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے دنوں میں این ایچ اے انتظامیہ سڑکوں پر ٹریفک کو بحال رکھنے میں مصروف عمل ہے۔ ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چئیرمین این ایچ اے ارشد مجید مہمند کی ہدایات پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی تمام توانائیاں اور وسائل سڑکوں کی بحالی پر صرف کئے جا رہے ہیں۔

ملک کے بیشتر حصوں میں این ایچ اے نیٹ ورک ٹریفک کےلیے بحال ہے۔ اس حوالے سے ملک بھر میں حساس مقامات پر این ایچ اے کا عملہ اور مشینری مصروف عمل ہے۔ شاہراہِ قراقرم پر چند مقامات لینڈ سلائیڈنگ کے سبب بند ہیں ۔ پاک فوج کی مدد سے لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ صاف کیا جا رہا ہے، شاہراہ جلد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان میں گیتی داس سے زیرو پوائنٹ (چلاس ) کے مقام سے برف ہٹائی جارہی ہے جبکہ گلگت بلتستان کی بقیہ سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں اسی طرح خیبر پختونخوامیں بیشتر شاہراہیں ٹریفک کےلیے بحال کی جا چکی ہیں ۔

کاغان- گیتی داس کے مقام پر شدید برفباری کے باعث سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو چکی ہے۔ برف ہٹانے کا کام موسم کی شدت کم ہونے پر شروع کیا جائے گا۔شمالی اور جنوبی بلوچستان میں این ایچ اے روڈ نیٹ ورک پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ روڈ انفراسٹرکچر کو بہترین حالت میں رکھنے کے لیے این ایچ اے کے تمام علاقائی دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کر دئیے گئے ہیں۔

جہاں گردونواح کی موسمی اور شاہراتی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ معلومات کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔صورتحال کے مطابق اعلیٰ حکام ہدایات جاری کر رہے ہیں ۔اس سلسلے میں عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ غیر ضروری طور پر خطرے سے دوچار علاقوں کی طرف سفر سے گریز کریں۔ این ایچ اے خراب موسمی حالات میں اپنے روڈ نیٹ ورک کو بحال رکھنے کےلیے تمام ضروری اقدامات کر چکا ہے ، افسران اور فیلڈ عملےکی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں ۔