روانڈا نیشنل پولیس کے اعلی افسران کی سنٹرل پولیس آفس آمد، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات

پنجاب پولیس روانڈا پولیس کو پولیسنگ، آئی ٹی، ٹریننگ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں بھرپور معاونت فراہم کرے گی، آئی جی عثمان انور

ہفتہ 20 اپریل 2024 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) براعظم افریقہ کے ملک روانڈا کی نیشنل پولیس کے اعلی افسران نے پنجاب پولیس کے ہید آفس سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا،روانڈا نیشنل پولیس حکام نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، چیف سپرنٹنڈنٹ روانڈا نیشنل پولیس خالد کباشا، آئی ٹی ہیڈ آسکر سکیندی وفد میں شامل تھے،روانڈا اور پنجاب پولیس کے مابین سکیورٹی امور سے متعلقہ باہمی تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ پنجاب پولیس روانڈا پولیس کو پولیسنگ، آئی ٹی، ٹریننگ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں بھرپور معاونت فراہم کرے گی، روانڈا پولیس حکام کو پنجاب پولیس کے انفراسٹرکچر و ہیومن ریسورس، آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ و اصلاحات و دیگر امور بارے آگاہ کیا گیا،روانڈا پولیس حکام نے دوران ملاقات کہاکہ ٹریفک مینجمنٹ، انفراسٹرکچر، استعداد کار کے شعبوں میں جدت سے ہمکنار ہونے کیلئے پنجاب پولیس کے تجربات سے استفادہ کے خواہشمند ہیں، روانڈا نیشنل پولیس میں پنجاب پولیس کی طرز پر سمارٹ پولیسنگ، آئی ٹی اصلاحات کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے، روانڈا پولیس حکام نے پنجاب پولیس کے ماہرین کو روانڈا کے دورے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے روانڈا پولیس وفد کو پنجاب پولیس ڈیش بورڈ کی ورکنگ، مانیٹرنگ سسٹم بارے آگاہ کیا، چیف سپرنٹنڈنٹ روانڈا نیشنل پولیس خالد کباشا نے کہاکہ لا اینڈ آرڈر و کرائم کنٹرول، پبلک سروس ڈلیوری میں پنجاب پولیس کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے،روانڈا نیشنل پولیس کے وفد کو پولیس خدمت مراکز، ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹرز، سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کا دورہ بھی کروایا گیا، چیف سپرنٹنڈنٹ روانڈا نیشنل پولیس خالد کباشا نے کہا کہ پنجاب پولیس کے پبلک سروس ڈیلیوری، جدید سہولیات پر مبنی آئی ٹی پراجیکٹس عالمی معیار کے مطابق ہیں،ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان سمیت سینئر پولیس افسران اس موقع پرموجود تھے۔