صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اجلاس، زرعی ترقی کیلئے معاونین بھرتی کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 20 اپریل 2024 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت زراعت ہاوس لاہور میں اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں ایک سال کے لئے 500زرعی معاونین کی کنٹریکٹ پر سروسز ہائرنگ اور پنجاب فرٹلیزز ریگولیشن ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو موجود تھے۔

ڈی جی زراعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن نے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ دو سالوں میں زرعی یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل بی ایس سی 1000 فریش گریجوئیٹس ضلعی اور تحصیل سطح پر زرعی معاونین کے طور پر بھرتی کیے جائیں گے۔حکومت نے اس ضمن میں ایک ارب روپے کی رقم مختص کی ہے ۔زرعی گریجوئیٹس محکمہ زراعت پنجاب توسیع کے تحت کام کریں گے اور مقصد زراعت کے توسیع ونگ کو مستحکم بنانا ہو گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے اس موقع پر غیر جانبدارانہ اور میرٹ کی بنیاد پر زرعی گریجوئیٹس کی سلیکشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ جس ڈسٹرکٹ سے ٹرمز و کنڈیشنز کے مطابق اہل امیدوار نہ مل پائیں وہاں سے ہائرنگ نہ کی جائے۔فیلڈ کی اس ڈیوٹی پر خواتین امیدواروں کو بھرتی نہ کیا جائے۔وزیر زراعت نے کہا کہ ہر 6ماہ بعد زرعی گریجوئیٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

زرعی گریجوئیٹس کی جاب انسنٹویز ہونی چاہئے اور ایک سال کے بعد انہیں تجربہ کا سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کا ڈویژنل ڈائریکٹر اپنے اپنے اضلاع میں ریکروٹمنٹ کمیٹی کا ہیڈ ہو گا اور وہ اہل امیدواروں کی بھرتی کو یقینی بنائے گا،انٹرویو کے کم سے کم 10نمبر رکھے جائیں تاکہ سفارش کلچر کی حوصلہ شکنی ہو۔عاشق حسین کرمانی نے اجلاس میں زرعی معاونین کی مجموعی تعداد کو صوبہ کے اہم اجناس اور فصلوں کے گنجان آباد علاقوں کے فارمولے کے لحاظ سے تقسیم کرنے کے احکامات جاری کئے۔

عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا وزیر اعلی پنجاب کی واضح ہدایات کے مطابق ملاوٹ شدہ،جعلی اور غیر معیاری فرٹیلائزر بنانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور بڑے شفاف پروسس کے تحت ان عناصر کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں گی۔انھوں نے کہا کہ جعلی اور ملاوٹ شدہ فرٹیلائزر بنانے والے ڈیلرز کی کھادوں کے سمپلز کے لیب ٹسیٹ اور ری انلسیز مستند طریقے سے کیے جائیں۔

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ اربن یونٹ اور انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ سے زرعی معاونین کی ہائرینگ کے لئے قابل عمل تجاویز لی جائیں۔انھوں نے کہا کہ زرعی معاونین کی ہائرینگ میں زرعی یونیورسٹیوں کے پوزیشن ہولڈرز بی ایس سی زرعی گریجوئیٹس کو ترجیح دی جائے گی جبکہ ان معاونین کو ان فارم ٹریننگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ لاہور ڈاکٹر عمر مسعود،ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس زراعت شبیر علی خان اور ڈی جی زراعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن سمیت دوسرے افسران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :