امریکی چینلز پر خود سوزی کے واقعہ کی لائیو نشریات، میڈیا کے لیے چیلنج

اتوار 21 اپریل 2024 09:20

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) امریکی چینلز پر خود سوزی کے واقعہ کی لائیو نشریات، میڈیا کے لیے چیلنج بن گیا ہے،خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیویارک میں گزشتہ روز ایک شخص نے ایسے وقت پر عدالت کی عمارت کے باہر خود کو آگ لگا دی جب اسی عدالت میں ججز ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کیس سننے میں مصروف تھے۔ عدالتی کارروائی کی کوریج کے لیے موجود کیمروں نے بھی دردناک منظر ریکارڈ کیا اور ناظرین کو براہ راست دکھایا۔

عدالت کے باہر امریکی نیوز چینلز سی این این، فاکس نیوز، ایم ایس این بی سی سمیت دیگر اداروں کے رپورٹرز کیس کی لائیو کوریج کر رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔مذکورہ شخص نے خود کو آگ لگانے سے پہلے پمفلٹ بھی بانٹے تھے۔تاہم یہ واقعہ میڈیا کی اخلاقی اقدار کے لیے ایک ٹیسٹ بھی تھا۔

(جاری ہے)

اس سے یہ ثابت ہوا کہ کسی بھی نوعیت کا واقعہ پیش آنے کی صورت میں کتنا جلدی نیوز چینلز حرکت میں آ جاتے ہیں اور جلد بازی میں ایسے سینز نشر کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں جو ناظرین کے لیے انتہائی پریشانی کا باعث بھی ہو سکتے ہیں۔

اس تمام واقعے اور تکلیف دہ مناظر کی سی این این چینل نے تفصیلی کوریج کی اور ساتھ ہی موقع پر موجو اینکر اور تجزیہ نگار لارا کوٹس نے اپنا تبصرہ بھی پیش کیا۔ اس دوران کیمرے کبھی لارا کوٹس کو دکھاتے اور کبھی خود سوزی کے مناظر سکرین پر لائیو نشر کرتے۔تمام واقعہ کی کوریج اپنی سکرین پر دکھانے کے پانچ منٹ بعد سی این این نے فوٹیج کے ساتھ انتباہی پیغام چلایا۔