غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان سے ایک اور امدادی کھیپ روانہ کی جا رہی ہے ، ترجمان دفتر خارجہ

اتوار 21 اپریل 2024 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان سے ایک اور امدادی کھیپ روانہ کی جا رہی ہےجس میں اشیائے خوردونوش، طبی سامان اور دیگر امدادی سامان شامل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق 400 ٹن امدادی سامان پر مشتمل کھیپ کراچی کی بندرگاہ سے مصر میں پورٹ سید کے لیے روانہ کی جائے گی۔

پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے غزہ کے لوگوں کے لیے یہ آٹھویں امدادی کھیپ بھیجی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو کراچی بندرگاہ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد رباعی نے کھیپ وصول کی۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر احمد امجد علی، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نمائندے اور مختلف امدادی تنظیموں نے بھی شرکت کی۔ امدادی کھیپ مصر میں پاکستان کے سفیر پورٹ سعید پر وصول کریں گے اور اسے غزہ کے لیے آگے کی ترسیل کے لیے مصری ہلال احمر کے حوالے کر دیا جائے گا۔پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے کیونکہ انہیں ایک سنگین انسانی صورتحال کا سامنا ہے۔