ضمنی الیکشن کے دوران موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہونے سے مشکلات

امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے متعدد اضلاع میں سروس بند ،ووٹر ز اور عوام کومشکلات کا سامنا

اتوار 21 اپریل 2024 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2024ء) ضمنی الیکشن کے دوران متعلقہ حلقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہونے سے ووٹرز اور علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کے موقع پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے متعدد اضلاع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رہی۔

(جاری ہے)

متاثرہ علاقوں میں نسبت روڈ، موچی دروازہ، گوالمنڈی، مصری شاہ، داتا نگر، ڈیوس روڈ، شاہ عالم مارکیٹ کے علاقے شامل تھے۔اس کے علاوہ ریلوے روڈ، فیض پارک کے علاقے ، ویلنشیا ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، کاہنہ، فیروز پور روڈ کے چند علاقے، ہیئرگاؤں، لدھڑ، کماہان اور دیگر علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس متاثر رہی۔رحیم یارخان میں پی پی 266 کی نشست پر بھی ضمنی انتخاب کے دوران ضلع بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔ووٹرز نے کہا کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہونے سے دشواری کا سامنا رہا۔گزشتہ روز پی ٹی اے نے کہا تھا کہ محکمہ داخلہ کی ہدایت پربلوچستان اور پنجاب کے متعدد اضلاع میں موبائل سروس معطل رہے گی۔