مویشی پال حضرات کو لائیو سٹاک کی اہمیت اور انہیں محکمانہ سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے،ڈائریکٹر لائیو سٹاک

اتوار 21 اپریل 2024 17:50

فیصل آباد21 (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے کہا ہے کہ مویشی پال حضرات کو لائیو سٹاک کی اہمیت اور انہیں محکمانہ سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے ، اس مقصد کے لئے اقدامات کا تسلسل جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ لائیو سٹاک ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور بالخصوص فیصل آباد ڈویژن میں تفویض کردہ اہداف کی تکمیل کے لئے کمربستہ اور افسران کی کارکردگی کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مویشی پال کو ان کی دہلیز پر جانوروں کے علاج معالجہ سمیت دیگر دستیاب سہولیات کی فراہمی کو خود مانیٹر کررہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب لائیو سٹاک فارمرز کو دودھ و گوشت کی بہترین پیداوار کے حصول کیلئے تمام ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ لائیوسٹاک فارمرز کیلئے خصوصی مشاورتی مہم کا بھی آغاز کیا گیا ہے تا کہ وہ ماہرین لائیوسٹاک کے مشوروں سے مستفید ہو کر گوشت اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ سمیت معاشی ترقی و اقتصادی استحکام میں معاون ثابت ہوسکیں اور ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی دودھ و گوشت اور اس سے تیار ہونے والی دیگر مصنوعات برآمد کر کے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے اس سلسلہ میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے لہٰذا مویشی پال حضرات اس سلسلہ میں مزید معلومات فری ہیلپ لائن سے صبح 8 سے رات 8 بجے تک حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے وفود کی بعض تجاویز کا خیر مقدم بھی کیا۔