کامران ٹیسوری گورنر سندھ کرسی چھوڑنے کو تیار نہیں

بزنس کمیونٹی سے کامران ٹیسوری کے حق میں بیانات کے لئے گورنر ہائوس کا عملہ دبائو اور دھمکی کا حربہ استعمال کرنے لگا

اتوار 21 اپریل 2024 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2024ء) گورنر سندھ کی تبدیلی روکنے کے لئے کامران ٹیسوری نے بزنس کمیونٹی کو اپنے حق میں لابنگ کے لئے دبا ئومیں لینا شروع کردیا ہے۔ گورنر ہائوس سے فون کرواکر بزنس کمیونٹی کو کامران ٹیسوری کے اعزاز میں تقریبات کرنے کا دبائو ڈالا جارہا ہے۔ جس کے لئے گورنر ہائوس کا عملہ دھونس اور دھمکی کا رویہ بھی اپنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل ہی کامران ٹیسوری کو مقتدر حلقوں نے آگاہ کر دیا تھا کہ انہیں تبدیل کیا جائے گا جس پر انہوں نے رمضان المبارک تک کی مہلت مانگی تھی اور یہ طے پا گیا تھا کہ عید کے فوری بعد گورنر سندھ کو تبدیل کردیا جائے گا مگر عید کے بعد اب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بزنس کمیونٹی کو اپنے حق میں بیان دینے اور مقتدر حلقوں کو پیغام دینے کے لئے دبائو ڈال رہے ہیں۔ گورنر کی تبدیلی کی خبروں اور عہدے پر برقرار رہنے کے سوال پر کامران ٹیسوری غصے میں آجاتے ہیں۔ فیڈریشن ہائوس کراچی اور آباد میں ہونے والی تقریبات میں گورنر سندھ کی تبدیلی کے سوال کر کامران ٹیسوری غصے میں آ گئے تھے اور الٹا صحافی پر الزامات لگانے شروع کر دیئے تھے۔