پورے صوبے میں صفائی کا یکساں نظام رائج کیا جائے گا،وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق

اتوار 21 اپریل 2024 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پرپورے صوبے میں صفائی کا یکساں نظام رائج کیا جائے گا، اس سلسلے میں تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کو آپریشنل ماڈل پر جوائنٹ ورکنگ کرکے رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ اتوار کو ڈسکہ کے دورے میں اپنے کیمپ آفس میں شہریوں سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے کہا کہ صفائی کے یکساں اور جدید نظام کو متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ بلدیاتی نظام اور میونسپل سروسز کے معیار اور پائیداری کیلئے منصوبہ بندی کی جائے۔

انہوں نے ملاقات کے لئے آنے والے افراد کے مسائل سنے اور موقع پر ضروری احکامات جاری کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ انور علی کانجو، چیف آفیسر ضلع کونسل الفت شہزاد، ایس ڈی او میونسپل کمیٹی ڈسکہ عزیر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران، حلقہ پی پی 51 کے سیاسی و سماجی رہنما بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ذیشان رفیق نے کہا کہ محکمہ بلدیات میں اصلاحات کے باعث روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر صفائی کا پائیدار نظام متعارف کرانے کے لئے مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مجوزہ منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر بلدیات نے حالیہ بارشوں میں ڈسکہ سٹی کے نشیبی علاقوں سے بارانی پانی کی فوری نکاسی پر میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے مقامی حکام اور ورکرز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور جانفشانی سے فرائض منصبی کے انجام دہی پر ملازمین کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ غفلت اور تساہل پر سختی سے محاسبہ کیا جائے۔ انہوں نے چیف آفیسر ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈویلپمنٹ اسکیموں کی مقررہ ٹائم لائن تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیا جائے۔