ایرانی صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے معاشی استحکام کی جانب مثبت قدم ہے، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

پیر 22 اپریل 2024 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کو دونوں ممالک کے معاشی استحکام کی جانب مثبت قدم قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے حالیہ اعلیٰ سطحی وفود کے پاکستان آنے کے بعد یہ ملک کی معاشی ترقی کی کوششوں میں ایک اور سنگ میل ہے۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے امید ظاہر کی کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورے سے تجارت، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت متعدد دوطرفہ امور میں تعاون کے ایک نئے دور کی راہ ہموار ہوگی کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات ہیں اور امن اور معاشی ترقی کے مشترکہ اہداف پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ صدرابراہیم رئیسی کے دورے سے پاکستان اور ایران کو توانائی، بنیادی ڈھانچے اور عوامی سطح پر تبادلوں جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اپنی شراکت داری کو مضبوط بنا کر دونوں ممالک ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع کھول سکتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے اور علاقائی استحکام میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔