غرب اردن میں آبادکاروں کے فلسطینیوں پر تشدد کی وجہ سے حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں، کمشنر جنرل یو این آر ڈبلیو اے

پیر 22 اپریل 2024 11:00

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے مہاجرین کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے مغربی کنارے بشمول فلسطینی پناہ گزین کیمپوں کے حالات خراب ہونے بارے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ غرب اردن میں یہودی آبادکاروں کے فلسطینیوں پر تشدد کی وجہ سے حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے ایکس پر کہا کہ نور شمس کیمپ میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے کی گئی حالیہ کارروائی میں جانی نقصان ہوا اور گھروں اور عوامی خدمات کو شدید نقصان پہنچا۔انہوں نےکہا کہ 7 اکتوبر کو غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد مغربی کنارے میں 112 فلسطینی بچوں سمیت سینکڑوں افراد شہید ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نقل و حرکت پر پابندیاں اور اسرائیلی آباد کاروں کا تشدد مغربی کنارے کے لوگوں کو روزگار سے محروم کررہا ہے اور ان پر مستقل خوف کی کیفیت مسلط کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیلی قبضے کو ختم کیا جائے اور سیاسی طریقوں سے اور امن کے حقیقی عزم کے ذریعے طویل ترین حل طلب تنازعہ کو حل کیا جائے۔