پولیس مقابلہ،قتل مقدمہ میں گرفتار 2ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی

پیر 22 اپریل 2024 12:45

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) ملتان کے علاقہ جلالپور پیر والا،موضع دراب میں پولیس مقابلہ کے دوران قتل مقدمہ میں گرفتار 2 ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔ترجمان پولیس کے مطابق اتوار کو رات گئے تھانہ صدر جلالپور پیر والا پولیس ہاؤس رابری کی واردات کے دوران 35 سالہ نوجوانوں جنید کے قتل کے جرم میں گرفتار ملزمان شاکر ولد امین اور خیرات ولد امیر بخش کو مقدمہ نمبر 192/24 بجرم 302/396 میں آلہ قتل کی برآمدگی کیلئے لے جا رہی تھی، قبر پہلوان والی روڈ،موضع دراب کے قریب تین نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ملزمان کو چھڑوانے کی غرض سے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

دوران فائرنگ زیر حراست ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے اور موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

زخمی ملزمان کو علاج معالجہ کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کر کے اور وقوعہ کا مقدمہ درج کر کے اپنے ساتھیوں کو چھڑوانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کرنے والے نامعلوم افراد کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ ہاؤس رابری کی واردات کے دوران ملزمان شاکر اور خیرات نے 35 سالہ نوجوانوں جنید کو قتل کردیا تھا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا تھا۔ملزمان کی نشاندہی پر انہیں آلہ قتل کی برآمدگی کیلئے لے جایا جا رہا تھا کہ ان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑوانے کیلئے فائرنگ کر دی۔ملزم شاکر قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، راہ زنی اور ہاؤس رابری سمیت 22 مقدمات جبکہ ملزم خیرات حسین 14 مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں۔