آنے والے دنوں میں ہم حماس پر فوجی دبا بڑھائیں گے،اسرائیلی وزیراعظم

ہم اس وقت تک لڑیں گے جب تک وہ ہمارے پاس واپس نہیں آتے،نیتن یاہو کا ویڈیو بیان

پیر 22 اپریل 2024 15:24

آنے والے دنوں میں ہم حماس پر فوجی دبا بڑھائیں گے،اسرائیلی وزیراعظم
تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) غزہ کی پٹی میں یرغمالیوں کی رہائی کو محفوظ بنانے کی کوشش میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے آنے والے دنوں میں حماس پر فوجی دبائو بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیتن یاہو نے کو ایک ویڈیو بیان میں وضاحت کی ہم اضافی اور تکلیف دہ حملے کریں گے۔ آنے والے دنوں میں ہم حماس پر فوجی اور سیاسی دبائو بڑھائیں گے کیونکہ ہمارے پاس یرغمالیوں کو رہا کرنے کا یہ واحد طریقہ ہے۔

وزیر اعظم کچھ عرصے سے غزہ کے انتہائی جنوب میں واقع شہر رفح پر زمینی حملہ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں جہاں 15 لاکھ سے زائد افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔ اسرائیل کا خیال ہے کہ رفح حماس کا غزہ میں آخری گڑھ ہے جہاں اس نے یرغمالیوں کو بھی چھپا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم غیر سرکاری تنظیمیں اور غیر ملکی مندوبین رفح پر اسرائیلی فوجی کارروائی کی مخالفت کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رفح میں زمینی حملہ کسی بڑی انسانی تباہی کا باعث بنے گا۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ سات اکتوبر کے حملے میں حماس کے جنگجوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے متعدد افراد رفح میں ہیں۔فوج کے ترجمان نے بتایا کہ چیف آف اسٹاف نے اضافی وضاحت کے بغیر جنگ کے اگلے مراحل کی منظوری دے دی۔انہوں نے مزید کہاکہ یرغمالیوں کو یرغمال بنائے ہوئے دو سو دن گزر چکے ہیں۔ ہم اس وقت تک لڑیں گے جب تک وہ ہمارے پاس واپس نہیں آتے۔