پولیس پر حملہ و فائرنگ کے مقدمے میں گرفتارشبیر گجرکا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

پیر 22 اپریل 2024 17:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پولیس پارٹی پر حملہ اور فائرنگ کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتارلاہور سے تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے شبیر گجرکی چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی پولیس استدعا مسترد کرتے ہوئے جزوی طور پر تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور ملزم کو تفتیش کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیا ۔

عدالت نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر سابق ایم پی اے شبیر گجر کو 25 اپریل کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے تفتیشی رپورٹ طلب کرلی ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔ پیر کوسماعت پر گرفتار شبیر گجر کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا اور چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دائر کی ۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ستوکتلہ تھانہ کی حدود ولینشیا ٹائون میں پولیس پارٹی پر حملہ ہوا، شبیر گجر اور دیگر نے ناکہ پر کھڑی پولیس پارٹی پر گاڑیاں چڑھا دیں،ملزموں نے پولیس پر فائرنگ بھی کی اور اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا،شبیر گجر نے پولیس سے ایس ایم جی رائفل چھین لی۔تھانہ ستوکتلہ میں گزشتہ روز دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا،ملزم کی جانب سے سلیم لادی ایڈووکیٹ نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔ فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور جزوی طور پر تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ عدالت نے ملزم کو 25 اپریل کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔