نادراڈیٹا لیکس کیس، ملزمان کے ناقابل ضانت وارنٹ گرفتاری برقرار

جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ نے تھانہ رمنا میں درج مقدمہ کی سماعت کی،ملزمان ڈائریکٹر نادرا عامر بخاری، سیف اللہ، محمد علی اور محمد فاروق عدالت پیش نہ ہوئے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 22 اپریل 2024 16:21

نادراڈیٹا لیکس کیس، ملزمان کے ناقابل ضانت وارنٹ گرفتاری برقرار
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اپریل2024 ء) اسلا م آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے نادراڈیٹا لیکس کیس میں ملزمان کے ناقابل ضانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے،جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ نے تھانہ رمنا میں درج مقدمہ کی سماعت کی،ملزمان ڈائریکٹر نادرا عامر بخاری، سیف اللہ، محمد علی اور محمد فاروق عدالت پیش نہ ہوئے۔عدالت نے ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔

مارچ 2023 میں نادرا سے ڈیٹا لیک ہونے کے واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد لاپرواہی کے ذمہ دار افراد کے خلاف محکمہ جاتی اور انضباطی کارروائیاں شروع کی گئی تھی۔مارچ 2023 کے سائبر واقعے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی گئی تھی۔ نادرا نے 30 اکتوبر 2023 کو جے آئی ٹی کیلئے حکومت سے درخواست کی تھی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر بھی ملزمان ڈائریکٹر نادرا عامر بخاری، سیف اللہ، محمد علی اور محمد فاروق عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

عدالت نے ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت 22 اپریل تک ملتوی کردی تھی۔یاد رہے کہ ڈائریکٹر سائبر کرائم ایف آئی اے کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنائی گئی تھی جس کی جانب سے رپورٹ سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو پیش کی گئی تھی۔سابق نگراں وزیر اعظم نے نادرا کو رپورٹ کے نتائج اور سفارشات کے مطابق اقدامات کی ہدایت کر دی تھی۔

تجویز اقدامات میں ٹیکنالوجی اپ گریڈز کے ساتھ انضباطی کارروائیاں بھی شامل کی گئیں تھیں۔سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں تعمیلی اقدامات شروع کر دئیے گئے تھے جو نادرا کو خدمات کو بہتر طریقے سے فراہم کرنے کے قابل بنائیں گے اور ڈیٹا بیس کی معیاری سکیورٹی کو یقینی بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔