سوشل میڈیا پرگردش کرنے والا واقعہ پرانا ہے ، ترجمان موٹر وے پولیس

پیر 22 اپریل 2024 19:21

سوشل میڈیا پرگردش کرنے والا واقعہ پرانا ہے ، ترجمان موٹر وے پولیس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک خاتون ڈرائیور کی موٹر وے پولیس افسر سے بد تمیزی اور ایک افیسر کو گاڑی تلے روندنے کی کوشش سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا واقعہ پرانا ہے اور اس کی ایف آئی آر بھی درج کرائی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان موٹر وے ناررتھ زون انسپکٹر ثاقب وحید نے پیر کو جاری وضاحتی بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فوٹیج پرانی ہے یہ واقعہ یکم جنوری 2024 کو اسلام آباد ٹول پلازہ پر پیش آیا۔

قانون کی خلاف ورزی کرنے والی خاتون ڈرائیور کے خلاف تھانہ نصیرآباد ضلع راولپنڈی میں سیکشن 279، 186، 337 جی اور 427 کے تحت ایف آئی آر درج کروا دی گئی تھی ۔ ترجمان نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔