اسلام آبادسے سینیٹ کی نشستوں پر انتخاب لڑنے کیلئے اسلام آباد کا ڈومیسائل لازمی قرار دینے کے حوالے سے دائر درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری، دو ہفتوں میں جواب طلب

پیر 22 اپریل 2024 19:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد سے سینیٹ کی نشستوں پر انتخاب لڑنے کے لیے اسلام آباد کا ڈومیسائل لازمی قرار دینے کےحوالے سے دائر درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔پیر کے روز درخواست گزار نایاب گردیزی کی درخواست پر عدالت عالیہ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن سے ڈی جی لا ارشد خان اور ضیغم انیس عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد کیلئے سینیٹ کی دو نشستیں دی گئی ہیں،اسلام آباد کی سینیٹ نشستوں پر ملک بھر سے کسی کو بھی منتخب کیا جاتا ہے،اسلام آباد سے سینیٹ انتخابات لڑنے کے لیے اسلام آباد ڈومیسائل ہونا لازمی قرار دیا جائے۔ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا کہ ہمارا اس سے کوئی لینا دینا نہیں، ہم صرف الیکشن کراتے ہیں،قانون جیسا بھی بنے ہم انتخاب کرائیں گے۔درخواست گزار کی استدعا پر عدالت نے الیکشن کمیشن کو بھی جواب جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئےفریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 14 مئی تک ملتوی کر دی۔