وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام ضلع جھنگ کے 900 سے زائد مرد وخواتین عازمین حج کیلئے تربیتی اجلاس

پیر 22 اپریل 2024 20:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے حجاز مقدس روانہ ہونیوالے فرزندان اسلام کی رہنمائی اور انہیں ضروری و مناسب تربیت کی فراہمی کیلئے فیصل آباد ڈویژن میں وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام حج 2024تربیتی اجلاسوں کا انعقاد شروع ہو گیاہے۔اس ضمن میں پیر کوضلع جھنگ کے900سے زائد عازمین حج کی تربیت اور رہنمائی کیلئے پہلا تربیتی اجلاس گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج آدھیوال چوک جھنگ میں منعقد کیا گیا جس کی صدارت دار الحاج لاہور کے ماسٹر ٹرینروزارت مذہبی امور مفتی محمد مدنی نے کی۔

انہوں نے کہاکہ مذکورہ نشست کے انعقاد کا مقصد فیصل آباد ڈویژن اور اس سے ملحقہ علاقوں کے عازمین حج کو مناسک حج کے بارے تفصیلات فراہم کرنا اور تربیت دینا ہے تا کہ عازمین حج حجاز مقدس میں دوران حج تمام مناسک بطریق احسن ادا کر سکیں اور حج کے عظیم فریضہ کی ادائیگی کی درستگی یقینی بنانے سمیت انہیں اس مقدس سفر میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے حج کی تربیت لازمی قرار دی ہے تاکہ فرزندان اسلام اس عظیم رکن دین کی ادائیگی کا بھرپور ثواب حاصل کر سکیں۔مفتی محمد مدنی نے اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن کے ضلع جھنگ میں پیر کو مذکورہ نشست میں 900سے زائد خواتین و حضرات کو 2سیشنزمیں تربیت دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ دیگر شہروں کے عازمین اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں تربیت لے رہے ہیں۔

عازمین حج کیلئے منعقدہ مذکورہ پہلے تربیتی اجلاس میں وزارت مذہبی امور اسلام آباد سے ماسٹر ٹرینر محمد عثمان شاہد نے سفر حج کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی روشنی ڈالی جبکہ دارالحجاج لاہور کے سٹافر محمد آصف نور الحق نے پروجیکٹر کے ذریعے وضاحت کی۔ تربیتی اجلاس میں مفتی محمد مدنی نے عازمین حج کو حج کی فضیلت،عمرہ وحج کے مناسک، احرام باندھنے کے طریقے سمیت دیگر شرعی معلومات سے تفصیلی آگاہی فراہم کی بلکہ عازمین حج کو بہترین انداز، جدید ٹیکنالوجی اور تھری ڈی پریزنٹیشن کے ذریعے تمام مناسک کی ادائیگی بارے تفصیلات سے آگاہ کیا اور کعبہ کے ماڈل کے ذریعے طواف کے طریقہ کاربارے بھی رہنمائی فراہم کی۔

اس موقع پر عازمین حج نے بڑے انہماک سے تربیتی سیشن میں حصہ لیا اور اسے انتہائی مفید قرار دیا۔اس دوران وزارت مذہبی امور کی جانب سے تمام عازمین حج کی مشروبات اور ریفریشمنٹ سے تواضع بھی کی گئی۔اجلاس کے آخر میں خواتین عازمین حج کیلئے خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں ماسٹر ٹرینرزنے خواتین کو تربیت فراہم کی۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے ضلع جھنگ کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سکاؤٹس،ڈسٹرکٹ سکاؤٹس سیکرٹری،سول ڈیفنس،ریسکیو1122 اور پولیس کا تربیتی اجلاس کے انعقاد میں بھرپور تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیاگیا۔