Live Updates

ارتھ ڈے کی مناسبت سے ماحول کے تحفظ کیلئے آگاہی واک کا انعقاد

پیر 22 اپریل 2024 20:08

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) ارتھ ڈے کی مناسبت سے ماحول کے تحفظ کیلئے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نوید اشرف، سیکرٹری اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی پنجاب جلال حسن، صدر ایوان صنعت و تجارت عبدالغفور ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات مقصود ربانی بٹ، انسپکٹر ماحولیات شاہد علی، چیئرپرسن گرین ٹیب وفا عثمان، صدر پلاسٹک بیگز ایسوسی ایشن ریاض احمد اور جنرل سیکرٹری فیاض احمد ملک کے علاؤہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں واک میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے پلاسٹک ایسوسی ایشن کے مقامی عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق پلاسٹک بیگز کی فروخت ختم کردیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ماحول کو پلاسٹک بیگز سے پاک کرنے کیلئے 5 جون سے ہر قسم کے شاپر بیگز اور پولی تھین بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی جس کا مقصد انسانی، جنگلی اور آبی حیات کو پلاسٹک کے بڑھتے ہوئے استعمال سے لاحق خطرات کو کم کرنا ہے۔

پلاسٹک بیگز میں اشیائے خوردونوش کی ترسیل کینسر کا سبب بن رہی ہے، پلاسٹک بیگز نہ صرف کرہ ارض پر زندگی کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی اور شدید موسمی تغیرات کا بھی باعث بن رہے ہیں۔دوبئی میں حالیہ طوفانی بارشیں اس کا مظہر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمی تغیرات کو روکنے کیلئے جنگلات لگانے ہونگے اور گرین انرجی پر شفٹ ہونا ہوگا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات