شکارپور اور کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 ڈاکو ہلاک

شکارپور اور کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن میں ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو کرین سے مسمار کیا گیا ہے،پولیس

پیر 22 اپریل 2024 20:41

شکارپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) سندھ کے ضلع شکارپور اور کندھ کوٹ کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس اور رینجرز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ایس ایس پی بشیر بروھی کے مطابق کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن کے دوران وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

فائرنگ کے اس تبادلے میں ایک اشتہاری ڈاکو سانول عرف سائیں بخش محمدانی مارا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ضلع شکارپور اور کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن میں ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو بھی مسمار کیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ضلع شکارپور میں گڑھی تیغو کے کچے میں فورسز کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پولیس مقابلوں میں 3 ڈاکو ہلاک اور دو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیاہے۔حکام کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے اشتہاری ڈاکو تیغانی پر 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔پولیس کے مطابق گڑھی تیغو کے کچے میں جاری آپریشن میں 200 پولیس اہلکار، 100 پولیس کمانڈو ، 50 آر آر ایف کے اہلکاروں نے 10 بکتر گاڑیوں کے ساتھ حصہ لیا ہے۔