Live Updates

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ( ن) کے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد

پیر 22 اپریل 2024 22:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ( ن) کے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امیدواروں کی کامیابی مسلم لیگ ن پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے،وزیر اعلی مریم نواز نے پہلے ہی مہینے میں عوام کی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا ہے،مختلف شعبوں کی اصلاحات کر کے عوامی سہولیات میں اضافے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی خدمت کے منشور کو عوام میں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔وزیر تعلیم نے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ایوان میں تعلیم کے سفیر کا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے ترقیاتی امور کے ساتھ ساتھ تعلیمی مسائل کا حل بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں اراکین اسمبلی تعلیم کے سپاہی کے طور پر صوبے کی تعلیمی ترقی کیلئے ایوان میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

رانا سکندر حیات نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب حکومت طلبا اور اساتذہ کو ہر ممکن سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہے،اساتذہ کیلئے سکوٹی سکیم اور طلبا کیلئے لیپ ٹاپ کا اجرا جلد کیا جا رہا ہے،اسی طرح تعلیمی اصلاحات لاتے ہوئے بے شمار اہم اقدامات جلد سامنے لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ایک مثالی حکومت کے طور پر پہلے بھی متعارف رہی ہے،اب بھی اسی وژن پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں لیگی امیدواروں کی کامیابی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ بے شمار چیلنجز درپیش ہیں لیکن عوام کو کسی مرحلہ پر بھی مایوس نہیں کریں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات