الخدمت کے تحت مظلوم فلسطینیوںکیلئے 20کنٹینرزپر مشتمل امدادی سامان غزہ روانہ

فلسطینی سفیر کا الخدمت سے اظہار تشکر ،مشکل گھڑی میں مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد جا ری رکھیں گے :ڈاکٹر حفیظ الرحمن

پیر 22 اپریل 2024 22:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) الخدمت کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کے لیے امدادی سرگرمیا ں تاحال جاری ہیں ۔الخدمت نے مزید 20کنٹینرز پر مشتمل سامان کی بڑی کھیپ بحری راستے سے غزہ متاثرین کے لیے روانہ کردی ہے ۔امدادی سامان مصری پورٹ ’’ سعید ‘‘ کے ذریعے غزہ پہنچائی جائے گی ۔روانہ کی جانے والی کھیپ میں 400 ٹن امدادی سامان شامل تھا، جس میں غزہ کے بے گھر اور متاثرہ خاندانوں کے لیے چاول، کمبل، خیموں کے ساتھ ساتھ پکے ہوئے کھانوں کے ٹن پیک، فیملی پیک، کچن سیٹ، جیری کین، ادویات اور دیگر اشیا شامل تھیں۔

سامان کی روانگی کے موقع پر فلسطینی سفیر احمد رباعی، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمن، چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،نائب صدر اور چیئرمین الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان، الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے صدر ڈاکٹر سید تبسم جعفری، انجینئر صابر احمد، ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ، سفیر احمد امجد علی، این ڈی ایم اے اور دیگر رفاہی اداروں کے نمائندے موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے فلسطینی سفیر احمد رباعی کو غزہ بھیجے جانے والے سامان سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ۔فلسطینی سفیر نے الخدمت کی کاوش کو سراہا اور مشکل گھڑی میں اہل فلسطین کا ساتھ دینے پر الخدمت کو خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر حفیظ الر حمن نے کہا کہ الخدمت پہلے بھی فضائی وبحری راستے سے امدادی سامان کی 6کھیپ بھجوا چکی ہے ۔

20کنٹینرز پر مشتمل ساتویں کھیپ بحری راستے سے مصری پورٹ پر بھجوائی جارہی ہے، جہاں سے یہ سامان غزہ پہنچایا جا ئے گا ۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں جہاں بڑے پیمانے پر شہادتیں ہوئی ہیں وہیں انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہو گیا ہے ،جنگ بند ہو نے کے بعد بھی انفرااسٹر کچر کی بحالی میں طویل وقت درکار ہو گا ۔اس وقت اہم معاملہ ادویات ،خوراک ،ملبوسات ،پانی اور شیلٹرز کی فراہمی کا ہے اور الخدمت اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی امداد کیلئے یہ سامان بھجوا رہی ہے ۔اپنے بھائیوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔