عاقب اللہ خان سے سول سیکرٹریٹ پشاور میں مختلف وفود کی ملاقاتیں

انصاف کی فراہمی و عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں، صوبائی وزیر آبپاشی

پیر 22 اپریل 2024 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے آبپاشی عاقب اللہ خان نے کہا ہے کہ اداروں میں شفافیت و میرٹ کی بالادستی یقینی بنانے جبکہ اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے کوشاں ہیں۔ انصاف کی فراہمی اور عوامی مسائل کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ پشاور دفتر میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے حالیہ بارشوں و سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کیلئے بھی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ حلقہ نیابت سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل یقینی بنا رہے ہیں۔ ترقیاتی پروگرامز کے حوالے سے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی اثر رسوخ و اقرباء پروری کے روایات ختم ہو رہی ہیں، صرف اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کو فوقیت دیں گے۔