آر اے بازار پولیس نے شہری کے اغواء اور قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا

پیر 22 اپریل 2024 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) آر اے بازار پولیس نے شہری کے اغواء اور قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت وحید گل، صادق، عبداللہ اور محمد بہادر کے نام سے ہوئی ہے ، ملزمان سے اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد ہوئی۔ملزمان نے چند روز قبل سرکاری ادارے کے آفیسر کو اغواء کر کے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ مقتول رحمت اللہ کو اغواء کے بعد فوراً قتل کر کے نعش کو دفنا دیا تھا۔ملزمان کی نشاندہی پر نعش کو تلاش کر کے پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔مقتول کے لواحقین نے نعش کی شناخت کر لی ہے، نعش کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ملزمان مقتول کے دوست تھے اور ایک ملزم مقتول کا مالک مکان بھی تھا۔

ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) حافظ کامران اصغر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی تھیں، دوران تفتیش فوٹیجز اور شواہد اکٹھے کر کے سائنٹیفک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر)حافظ کامران اصغر نے کہا کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔