عوام کی بلارنگ و نسل خدمت ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا،پی پی پی صوبائی وزراء

پیر 22 اپریل 2024 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اورصوبائی وزراءنے کہا ہے کہ عوام کی بلارنگ و نسل خدمت ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا،وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت محکمہ صحت،تعلیم سمیت دیگر محکموں کی کارکردگی کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے جسکے ثمرات جلدعوام کو ملناشروع ہوجائیں گے۔

یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلندجوگیزئی،سابق جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ،صوبائی وزراءمیر محمدصادق عمرانی، حاجی علی مددجتک، سردارفیصل جمالی،بخت محمدکاکڑ،میرظہوراحمدبلیدی اور سردار غلام رسول عمرانی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

کارکنوں نے صوبائی وزراءکوحلف اٹھانے اور وزارتوں کاقلمدان ملنے پرمبارکبادپیش کی۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی اطلاعات سیکرٹری ملک ذیشان حسین،صوبائی رابطہ سیکرٹری حاجی ربانی خلجی ، پی پی پی لورالائی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری عبدالغفور جعفر،کوئٹہ ڈویژن کے نائب صدر میر بابل بنگلزئی، صوبائی کونسل کے اراکین ندیم احمد خان، حیات خان کاکڑ، امیر ناصر،پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے صوبائی نائب صدر رومیل خان غلزئی، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنما فیضان احمد خان و دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے قیام سے لیکرآج تک عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کرتی چلی آرہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلایاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی وزراءکے دروازے چوبیس گھنٹے عوام کیلئے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے اقتدارسنبھالتے ہی محکمہ صحت،تعلیم اوردیگر محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں جس کے ثمرات جلدعوام تک پہنچناشروع ہوجائیں گے۔