چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی مدت میں تبدیلی کیلئے سینئر وکلاء سے رائے طلب کرلی

پیر 22 اپریل 2024 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی مدت میں تبدیلی کا عندیہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی مدت میں تبدیلی کیلئے سینئروکلا سے رائے طلب کر لی، چیف جسٹس نے سپریم کورٹ رجسٹری میں پلاٹ کے تنازع کے کیس کی سماعت کے دوران استفسار کیا کہ ہائیکورٹس کے فیصلوں کیخلاف اپیل کی مدت کیا ہونی چاہیی ۔

(جاری ہے)

وکلا ء نے کہا کہ اپیل کی مدت سے متعلق سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ کا ایک فیصلہ موجود ہے جس پر فروغ نسیم نے کہا کہ 5رکنی بینچ کا فیصلہ محدود ہے، آپ کوازسر نو جائزہ لینا ہوگا۔بیرسٹر صلاح الدین احمد، فروغ نسیم، خالد جاوید، فیصل صدیقی اور دیگر وکلاء نے معاملے کا انتظامی طور پر جائزہ لینے کا مشورہ دے دیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھتے ہیں ، یہ انتظامی طور پر حل ہوگا یا جوڈیشل سائیڈ پر۔ایڈووکیٹ فیصل صدیقی نے کہا کہ آپ یہ فیصلہ کر سکتے ہیں، آپ کے دور میں بہت سے یونیک فیصلے ہوئے ہیں، یہ بھی ہوسکتا ہے۔چیف جسٹس قاضی فائزعیسی نے کہا کہ یونیک تو اچھا بھی ہو سکتا ہے اور برا بھی۔