ؒآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بے مثال کارکردگی پر 11 پولیس افسران و اہلکاروں کو آئی جی گیلنٹری ایوارڈز سے نوازا

پیر 22 اپریل 2024 21:30

_لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی عزم و ہمت اور بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے گیار ہ پولیس افسران و اہلکاروں کو گیلنٹر ی ایوارڈ سے نوازا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے گیلنٹری ایوارڈ کیلئے منتخب ہونے والے افسران و اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے کہاکہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم کے قلع قمع کیلئے آپریشنز میں تیزی لائی جائے ۔

ڈاکٹر عثمان انو رنے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کے موثرا ستعمال سے انسداد جرائم اور پبلک سروس ڈلیوری کا عمل مزید بہتر بنایا جائے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں فرض شناس افسران و اہلکارو ںسے خطاب میں کیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق دوران ڈیوٹی عزم و ہمت اور بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب سجائی گئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے بے مثال کارکردگی پر 11 پولیس افسران و اہلکاروں کو گیلنٹری ایوارڈز سے نوازا گیا۔

اچھرہ میں خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے والی پولیس ٹیم کے افسران و اہلکاروں کو آئی جی گیلنٹری ایوارڈز دئیے گئے، ایس پی ماڈل ٹائون شہزاد رفیق اعوان اور اے ایس پی سیدہ شہربانو نقوی کو تعریفی سرٹیفیکیٹس دئیے گئے،ایس ایچ او اچھرہ محمد بلال عربی، اے ایس آئی ساجد مجید، ہیڈ کانسٹیبلز عثمان اور عدنان کو گیلنٹری ایوارڈز سے نوازا گیا،کچہ کریمنلز کی سرکوبی میں شاندار کردار ادا کرنے پر راجن پور پولیس کے سب انسپکٹر ساجد حسن کو گیلنٹری ایوارڈ سے نوازا گیا،دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے رہنے پر پی ایچ پی میانوالی کے کانسٹیبل عبدالرئیس کو گیلنٹری ایوارڈ سے نوازا گیا،ہیڈ کانسٹیبل ہارون رشید خان شہید کا گیلنٹری ایوارڈ انکے اہلخانہ کو دیا گیا، دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی کے قیصر شہزاد اور امان اللہ خان کو گیلنٹری ایوارڈز سے نوازا گیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ دوران ڈیوٹی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یہ فرض شناس افسران واہلکار اپنی ثابت قدمی کے باعث پوری فورس کیلئے روشن مثال ہیں اور ایسے بہادر اور فرض شناس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات جاری رہیں گے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایوارڈحاصل کرنے والے افسران واہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، مجرمان کی سرکوبی کیلئے ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائیں، تقریب میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، کمانڈنٹ پی ٹی سی چوہنگ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔