وزیر بلدیات کا مختلف ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پرائیویٹ ٹیسٹنگ ایجنسیز سے ٹیسٹ کنڈکٹ کرانے پر اظہار برہمی

پیر 22 اپریل 2024 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے بلدیات ارشد ایوب خان کی زیر صدارت پیر کو کابینہ کے ایٹا کے حوالے سے دیئے گئے حکم نامے کی خلاف ورزی کے بارے میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل خان ترکئی، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن مینا خان، صوبائی وزیر ایگریکلچر میجر ریٹائرڈ سجاد اور مشیر برائے وزیراعلی خیبر پختوخواہ مشال خان یوسف زئی نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے فیصلے کے باوجود کچھ محکموں نے ایٹا کے علاوہ پرائیویٹ ٹیسٹنگ ایجنسیز کو ہائر کیا اور ان کی خدمات حاصل کیں، ان کے خلاف انکوائری کی جائے گی تاکہ پتہ لگے ایسے کیوں کیا گیا۔ صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے کہا کہ محکمہ اعلی تعلیم کی جانب سے ایٹا کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایٹا کا سلیکشن پروسیجر صاف و شفاف اور سب کے سامنے ہے۔ صوبائی وزیر ارشد ایوب نے کہا کہ پورے پاکستان میں ایٹا واحد سرکاری ٹیسٹنگ ایجنسی اور افرادی قوت کی کمی کے باوجود بہت زیادہ کام کر رہی ہے۔ ایٹا نادرا سے منسلک ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کے دوران ویڈیو ریکارڈنگ کی جاتی ہے تاکہ کسی قسم کی بدعنوانی کا کوئی امکان نہ رہے۔اجلاس میں موجود صوبائی وزرا نے ایٹا کی کارکردگی کو سراہا اور مختلف ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پرائیویٹ ٹیسٹنگ ایجنسیز کو ٹیسٹ کنڈکٹ کرانے اور کابینہ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور انکے خلاف انکوائری کے فیصلے کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ جن محکموں نے پرائیویٹ ٹیسٹنگ ایجنسیوں کو اشتہار دے کر امیدواروں سے فیسیں وصول کر لی ہیں لیکن ٹیسٹ ابتک نہیں کرائے وہ امیدواروں کو فیس واپس کریں اور ان اشتہارات کو منسوخ کریں۔